منگل 14 جنوری 2025 - 00:13
حیدرؑ کی ولادت پہ حرم بول رہا ہے

حوزہ/ ۱۳ رجب کی مناسبت سے مولانا عسکری امام جونپوری کے کچھ اشعار قارئین کی خدمت میں حاضر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ۱۳ رجب المرجب، ولادت با سعادت امام المتقین حضرت علی بن ابی طالب علیہما السلام کی مناسبت سے مولانا عسکری امام جونپوری کے کچھ اشعار قارئین کی خدمت میں حاضر ہیں۔

جو دل پہ علی کرکے رقم بول رہا ہے

اس شخص پہ خالق کا کرم بول رہاہے

حیرت میں زمانہ ہوا انگشت بدندان

یہ کون ہے لیتے ہی جنم بول رہا ہے

مولا تری رفعت کے تقدس میری جانیں

کاندھے پہ پیمبر کے قدم بول رہا ہے

عیسیٰ کے لئے بیت مقدس نہیں بولا

حیدر کی ولادت پہ حرم بول رہا ہے

چہرے پہ نظر کرنا عبادت ہے علی کے

اخلاق کا مصداق اتم بول رہا ہے

حیدر کو نصیری میں خدا مان لوں کیسے

یُوْلَدْ وَ یَلِدْ دونوں پہ لَمْ بول رہاہے

مٹ جانا ہلاکت نہیں الفت میں علی کے

میثم کی محبت کا دھرم بول رہاہے

تو واقعی معنوں میں سخی ابن سخی ہے

قاتل پہ ترا رحم وکرم بول رہا ہے

جس جس کا میں مولا ہوں علی اسکے ہیں مولا

سردار عرب اور عجم بول رہا ہے

پہونچائی ہے بھوکوں کو غذا رات گئے تک

مولا ترے قدموں کا ورم بول رہا ہے

ہرگز نہ الجھنا کسی عاشق سے علی کے

شبیر کا یہ ماتم ِغم بول رہا ہے

جلتے ہوئے دیکھوں گا جہنم میں عدو کو

یہ دل مرا خالق کی قسم بول رہا ہے

لکھتا رہا اشعار روانی سے کچھ اتنی

لگتا تھا کہ مفہوم ، قلم بول ہے

اے عسکریؔ صدیوں سے تھی ظالم کی حکومت

پر آج بھی روضے کا حشم بول رہا ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha